۳ آذر ۱۴۰۳ |۲۱ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 23, 2024
پبنث

حوزہ/ لبنان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے مسلح افواج پر جاری مسلسل حملوں کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شکایت درج کروائے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے مسلح افواج پر جاری مسلسل حملوں کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شکایت درج کروائے گا۔

لبنانی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نیویارک میں اقوام متحدہ میں اپنے سفیر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اسرائیل کے حملوں کی مذمت اور ان کے خلاف شکایت پیش کریں۔

بیان کے مطابق، حالیہ اسرائیلی حملے میں جنوب لبنان کے علاقے حاصبیا کی بستی ماری میں دو لبنانی فوجی شہید اور تین زخمی ہوئے ہیں۔ اس طرح 8 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے لبنانی فوجیوں کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔

وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ اسرائیل کے یہ حملے سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر عمل درآمد کی عالمی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ یہ قرارداد لبنان اور اسرائیل کے درمیان مکمل جنگ بندی اور لبنان کے جنوب میں بلو لائن (لبنان اور مقبوضہ علاقوں کے درمیان حد بندی) اور دریائے لیتانی کے درمیان ایک غیر مسلح علاقے کے قیام کا مطالبہ کرتی ہے۔

قرارداد کے تحت اس علاقے میں لبنانی فوج اور اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یونیفل) کی موجودگی کو اجازت دی گئی ہے۔

لبنانی وزارت خارجہ نے فوج کی حفاظت کو یقینی بنانے اور اس کی مکمل ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے اس کی حمایت کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ یہ سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی کو مضبوط کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔

لبنانی وزارت صحت کے حکام کی رپورٹ کے مطابق، اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 3500 سے زائد افراد شہید، تقریباً 15 ہزار زخمی، اور ایک ملین سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .